ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: نیشنل ہائی وے اور عوامی مقامات پر لوٹ مار کرنے والی 7 رکنی ٹولی کا پردہ فاش۔ ایک چور گرفتار

کاروار: نیشنل ہائی وے اور عوامی مقامات پر لوٹ مار کرنے والی 7 رکنی ٹولی کا پردہ فاش۔ ایک چور گرفتار

Tue, 23 Mar 2021 21:10:29    S.O. News Service

کاروار،23؍ مارچ (ایس او نیوز) ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے کاروار شہر کے علاوہ ریاست کے دوسرے علاقوں میں نیشنل ہائی وے پر مسافروں کو لوٹنے کے، ہفتہ واری بازار، تہوار اور عوامی مقامات پربھیڑ بھاڑ سے فائدہ اٹھا کر ڈکیتی اور چوری کی وارداتیں انجام دینے والی ایک 7 رکنی ٹولی کا پردہ فاش کرتے ہوئے ایک چور کو گرفتار کرلیا ہے۔

ایس پی نے بتایا کہ اس ٹولی میں بھدراوتی اور شکاری پور کے اراکین شامل ہیں۔ جس شخص کو گرفتار کیا گیا ہے اس کا نام آصف ابن عبدالرحمٰن (35 سال) ہے جو شکاری پور تعلقہ کے ہلیور ہوسکیری کا رہنے والا ہے۔ گرفتار کے ملزم سمیت سات افراد ایک ٹولی کی شکل میں KA02-MH4151 نمبر پلیٹ والی کار میں سوار ہوکر شکاری پور سے کاروار شہر میں پہنچے تھے ۔ اس کے بعد رات کے وقت گوا اور کاروار کے آس پاس نیشنل ہائی وے 66 پر سفر کرنے والوں سے نقدی، زیورات اور موبائل وغیرہ لوٹنے کی سازش تیار کی تھی۔ اس کے مطابق بیت کول کے قریب یہ ٹولی کار میں لوہے کی سلاخیں، نائلون کی رسی ، ۲ درانتیاں اور ڈنڈے وغیرہ لے کر مسافروں کو لوٹنے کے لئے تیار کھڑے تھے۔ اس سازش کی مصدقہ اطلاع ملنے پر کاروار ٹاون پولیس اسٹیشن کے پی ایس آئی سنتوش کمار اور دیگر عملہ نے اس مقام پر دھاوا بول دیا۔ پولیس کو دیکھ کر ٹولی کے 6 افراد موقع پر سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایس پی نے بتایا کہ اس معاملے میں کیس داخل کرلیا گیا ہے اور ڈکیتی کے لئے استعمال ہونے والے سامان سمیت مفرور ملزمین کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی کوشش کی جائے گی۔


Share: